۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ڈاکٹر محمد طاہر القادری

حوزہ/ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ: فلسفۂ شہادتِ امام حسین علیہ السلام یہ ہے کہ جب بات غیرت دین اور شعائر اسلام کی ہو تو سر مت جھکاؤ اور ظالم کے سامنے سینہ سپر ہو جاؤ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماہ محرم کی آمد پر کہا کہ ماہ محرم نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی حق و صداقت کے لئے دی جانے والی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ نواسۂ رسولؑ نے ظلم و بربریت، شعائر دین کی خلاف ورزی اور یزیدی فاشزم کے خلاف صدائے حق بلند کی اور جبر و تشدد کے سامنے سر جھکانے سے انکار کر دیا۔انہوں نے اسلام کے لئے جان کی قربانی دے کر انسانیت کو پیغام دیا کہ طاقت حق نہیں، حق طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں غرق یزید نے خانوادۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بے حرمتی کی۔ وحدت ملی کو نقصان پہنچایا اور تاریخ میں گالی بن گیا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھی شہادت قبول کر کے بھی قیامت تک کے لئے زندہ ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ فلسفۂ شہادتِ امام حسین علیہ السلام یہ ہے کہ جب بات غیرت دین اور شعائر اسلام کی ہو تو سر مت جھکاؤ اور ظالم کے سامنے سینہ سپر ہو جاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حسنین کریمین سے والہانہ محبت کرتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا فرمان ہے کہ میں تم میں دو عظیم چیزیں چھوڑے جارہا ہوں، ان میں سے پہلی اللہ کی کتاب ہے، اسے مضبوطی سے تھامے رکھو، دوسرے میرے اہل بیت ہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے تین مرتبہ فرمایا میں تمہیں اپنے اہل بیت سے متعلق اللہ یاد دلاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یزید ملعون اور اس کے بدبخت ساتھیوں نے اس فرمانِ رسول کی نفی کرتے ہوئے اہل بیت اطہار علیہم السلام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے اور قیامت تک کے لئے خود کو لعنت کا مستحق ٹھہرا لیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .